آئی ایم ایف سے معاہدے عمران توڑے قیمت پورا ملک ادا کررہا ہے : مریم نواز 

بہاولنگر+ چشتیاں (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے چشتیاں میں  جلسہ سے خطاب  میں کہا کہ نواز شریف نے اپنے شیروں کے لیے خصوصی سلام بھیجا ہے۔ فتنہ خان سنا ہے کل یہاں آیا تھا اور جھوٹ بولنا اس کا شیوہ ہے۔ اس نے پوری تقریر میرے اور نواز شریف کے خلاف کی۔ لیکن اپنی چار سالہ کارکردگی پر ایک لفظ نہیں بولا۔ ملک میں آج بھی جتنے بڑے منصوبے ہیں ان پر  نوازشریف کے تختی لگی ہوئی ہے۔ مسلم لیگ کی بدقسمتی ہے کہ اس کا مقابلہ شیطان اور گھٹیا انسان سے ہے۔ لگتا ہے اسکی تربیت جنگل میں ہوئی ہے، اس کو خواتین کی عزت کا بھی خیال نہیں ہے۔ اس نے جھوٹ کو اپنا شیوہ بنا رکھا ہے، اس کا انجام بہت برا ہو گا۔ میری مشکل یہ ہے کہ میں جس انسان کی شکل نہیں دیکھنا چاہتی اس کی بات کرنا پڑتی ہے۔ یہ جو بھی کر لے، جتنی بھی گھٹیا گفتگو کر لے اس کا انجام بہت برا ہو گا۔ چار سال پہلے بھی اس کی تقریر نواز شریف اور مریم پر ختم ہوتی تھی آج بھی یہی صورت حال ہے۔ اگر مریم نواز شریف کی بیٹی نہ ہوتی اخلاقی تربیت نہ ہوتی تو عمران خان تمہیں دنیا میں منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے۔ میں تم پر کوئی ذاتی حملہ نہیں کروں گی، سیاسی میدان میں تمہیں گھر چھوڑ کر آؤں گی۔  یہ پاکستان کی سب سے بڑی تباہی ہے، حکومت میں ہو تو تباہی، معیشت کی تباہی، اداروں کی تباہی۔ فتنہ کو ملک پر حملہ کرنے کے لئے پیسے دے کر لانچ کیا گیا ہے، فارن فنڈنگ میں اس کے خلاف ایک ایک ثبوت ہے۔ دشمن قوتوں کی اس پر نظر کیوں پڑی، کیوں کہ پیسوں کے لیے یہ کچھ بھی کرے گا۔ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت بڑھی میں نے کہا میں تسلیم نہیں کرتی، میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، شہباز شریف دن رات محنت کر رہا ہے۔ اس فتنہ کی لگائی آگ کو کم کر رہا ہے۔ اس کے لوگ آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں۔ پاکستان دشمنی اور کس کو کہتے ہیں۔ کل اس نے بہت خطرناک بات کی کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا گناہ کی بات ہے۔ مسلم لیگ پاکستان کو بنانے والی اور سجانے والی جماعت ہے۔ یہ فارن فنڈنگ لے رہا ہے، اس کو ووٹ دینا کیا ثواب کی بات ہے؟، آرمی چیف کی تقرری  کی بڑی تکلیف ہے۔ بندہ پوچھے  کیا تمہارا تقرر میرٹ پر ہوا تھا؟۔ ججز کو دھمکیاں دیتا ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدے عمران خان نے توڑے اور قیمت پورا ملک ادا کر رہا ہے۔ عمران خان سیاستدان ہے نہ اس کی جماعت کوئی سیاسی پارٹی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف بدمعاشوں اور اوباشوں کا ٹولا ہے۔ میں نہ کسی کو غدار کہتی ہوں نہ کسی کو سازشی قرار دیتی ہوں مگر میں کہنے پر مجبور ہوں کہ عمران خان نے کروڑوں روپے ملک دشمن سے لئے۔

ای پیپر دی نیشن