اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھے جانے والے جریدے اکانومسٹ میں شائع ہونے والی دو خبروں نے عمران نیازی کے بارے میں ہمارے موقف کی تصدیق کردی ہے، وہ پاکستان کو کمزور کرنے پر تلا ہواہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جریدے نے اپنے تازہ شمارے میں لکھا ہے کہ عمران نیازی نے آئی ایم ایف سے پروگرام کی منظوری رکوانے کی کوشش کی اور وہ حالیہ سیلاب کی آفت کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی پاکستان کو کمزور کرنے پر تلا ہوا ہے۔ علاوہ ازیںوزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکاکی طرف سے مسلسل تعاون، یکجہتی اور سیلاب زدگان کیلئے امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان باہمی سکیورٹی، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاک امریکا تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک کولیٹ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہو ں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیرک چولیٹ نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ڈیرک کولیٹ کا اس مشکل وقت میں جبکہ پاکستان تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب سے بری طرح دوچار ہے، دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا ممکنہ پھیلا بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے ریسکیو اور ریلیف کے بعد سیلاب زدگان کی بحالی اور انفراسٹرکچر و نجی املاک کی تعمیر نو کے بڑے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے باہمی اعتماد، احترام اور افہام و تفہیم کے اصولوں پر مبنی دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور پائیدار روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ کرہ ارض پر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ماحولیاتی اہداف کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں اس چیلنج سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی بنیاد پر فنڈنگ کو متحرک کرنا بھی شامل ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے افغان اثاثوں کو واگزارکرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق دیرینہ جموں و کشمیر تنازعہ کا حل انتہائی ضروری ہے۔بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ڈیرک کولیٹ نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اس حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والے چیلنج کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اہم مدد فراہم کرے گا، اور متاثرہ لوگوں کی زندگیوں کی بحالی اور متاثرہ کمیونٹیز کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کی طرف سے مالی امداد کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے عوام سے ان کی بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے درد مندی کاثبوت ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام اس ایثار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم یوم بحریہ کے موقع پر پاکستان نیوی کو سمندری حدود کی حفاظت کے لئے قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی بندرگا دوارکا کی تسخیرہویا غازی آبدوز کی جنگ کے دوران سمندروں پر برتری ، پاکستان نیوی کے جری جوانوں نے بہادری سے دشمن پر اپنی دھاک بٹھائے رکھی۔