یواین سیکرٹری جنرل کی آج پاکستان آمد 

Sep 09, 2022

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گرئٹرس سیلاب زدگان کی بحالی کی عالمی کوششوں کو عملی قالب میں ڈھالنے کیلئے آج بروز جمعۃ المبارک پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے پاکستان آکر بڑی اپیل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے تو کل کسی اور ملک کے ساتھ ہو سکتا ہے‘ پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے سب سے زیادہ شکار ممالک میں ہوتا ہے۔ 
پاکستان میں شدید بارشوں اور بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے پاکستان آکر سیلاب متاثرین کیلئے بڑی امداد کی اپیل کے فیصلہ نے جہاں متاثرین اور اہلِ پاکستان کی ڈھارس بندھائی ہے‘ وہیں اس سے دوسرے کمزور ممالک کا بھی حوصلہ بڑھے گا کہ مشکل وقت میں دنیا کا سب سے بڑا ادارہ انکے ساتھ کھڑا ہے۔ اقوام متحدہ نے خود سیلاب متاثرین کیلئے 30 لاکھ ڈالر کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کی اس مشکل وقت میں بھرپور امداد کرے جبکہ امریکہ‘ برطانیہ‘ فرانس اور جرمنی سمیت سات ممالک نے بھی امداد کا اعلان کیا اور ان ممالک کی این جی اوز سیلاب متاثرین کی امداد اور انکی بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں۔ ہر سال مون سون میں پاکستان کو سیلاب میں ڈبونے اور اسکی سلامتی کیخلاف بھارتی سازشیں پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ پاکستان بارہا عالمی برادری سے بھارت کی آبی اس دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کر چکا ہے۔ ہمارا یہ ازلی دشمن اپنے ڈیمز کا فالتو پانی پاکستان کی جانب چھوڑ کر اسے سیلاب میں ڈبو دیتا ہے اور خشک سالی میں پاکستان کی جانب آنیوالے دریائوں کا پانی روک کر اسے بے آب و گیاہ بنا دیتا ہے۔ اس تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی اس سازش کا بھی سخت نوٹس لینا چاہیے اور حکومت پاکستان کو بھی پاکستان کے دورے پر آئے سیکرٹری جنرل کو بھارتی سازشوں سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ آئندہ پاکستان کیخلاف اسکی آبی دہشت گردی کا سدباب کیا جاسکے۔ 

مزیدخبریں