امپورٹڈ حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا:شاہ محمودقریشی

Sep 09, 2022

ملتان(نمائندہ نوائے وقت) پاکستا ن تحریک   انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے،پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی مارچ کے ڈرامے کرنے والوں نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملک پر 40 سال حکومت کی۔اگر یہ لوگ ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو پانی ذخیرہ کے لئے ڈیم بناتے۔اگر 40 سالوں میں پانی ذخیرہ کرنے کا بندوست کیا ہوتا آج لوگ نہ اجڑتے۔سیلاب زدگان کے پاس کچھ بھی نہیں بچا۔جنوبی پنجاب کے کچھ اضلاع بھی سیلابی پانی سے متاثر ہوئے۔عمران خان نے ساڑھے تین سالوں میں 10 ڈیموں کا اعلان کیا۔جب ڈیم مکمل ہوں گے تو لوگوں کو ان ڈیمز سے فائدہ پہنچے گا یہپانی کھیتو ں کو سیراب کرے گا۔ پاکستان ان کو معاشی دلدل سے نکالنا ہے تو عمران خان کو دو تہائی اکثریت سے وزیراعظم بنانا ہوگا۔ پیپلز پارٹی اوریوسف رضا گیلانی کرپشن کی نشانی بن گئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عدالت میں 6 گھنٹے کی حاضری کے باوجود عمران خان ملتان پہنچے ہیں۔ عمران خان عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں ملک کے مختلف شہروں میں جا رہے ہیں۔ 14 اضلاع میں 20 نشستوں میں عوام نے عمران خان کے نظریے پر مہر لگائی۔پنجاب کے عوام کا اعتماد عمران خان پر ہے۔پنجاب کے لوگوں نے ثابت کیا کہ وہ سیاسی شعور رکھنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے ساڑھے 3سالہ دور حکومت میں 2سال کرونا کی نظر ہوئے۔ہم نے بے روزگاری کا بھی مقابلہ کیااور صنعتوں کا بھی پہیہ چلتا رہا۔پی ڈی ایم حکومت نے مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کے 4ماہ میں صنعتیں 5فیصد سے بھی کم چل رہی ہیں۔ موجودہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ کاشتکار بجلی کے بل بھرنے کی سکت نہیں رکھتے۔پاور لومز انڈسٹری مہنگی بجلی کے باعث زبوں حالی کا شکار ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  این اے 157 سے پی ٹی آئی امیدوار مہر بانو قریشی نے کہا کہ میں آئی تو این اے 157 کے انتخاب بارے بات کرنیتھیلیکن ٹھپے لگنے سے پہلے ہی مخالفین بھاگ گئے ہیں۔تیر ختم ہو گیا،جب بھی الیکشن ہوا، جیت بلے کی ہو گی۔انہوں نے کہاالیکشن نہیں ہو گا یہ دو نظریوں کی جنگ ہو گی۔مہنگائی ختم کرنے کے دعوؤں کے ساتھ 13 جماعتیں اقتدار میں آئی تھیں،ان 13 کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔ انہوں نے کہا اگر ملک بچانا ہے قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو عمران خان کا انتخاب کرنا ہوگا۔ جلسے میں نقابت کے فرائض فیصل جاوید نے ادا کئے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک ودیگر نے خطاب کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار‘ سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ عون عباس بپی‘ ندیم قریشی‘ نجم شیراز سٹیج پر موجود تھے۔

مزیدخبریں