لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)نے حب ڈیم کا دورہ کیااور پراجیکٹ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ جنرل منیجر پراجیکٹس (ساؤتھ) اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حب ڈیم نے چیئرمین واپڈاکو جولائی اور اگست کے دوران بلوچستان اور سندھ میں واقع کیچ منٹ ایریا میں طوفانی بارشوں کے دوران حب ڈیم کے محفوظ اور موثر ڈیزائن کے بارے میں بریف کیا۔ اِس دوران ڈیم نے نہایت کامیابی کے ساتھ سیلابی پانی کو ذخیرہ کیا اورزیریں جانب حب اور کراچی کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھا۔ ملک میں پانی کی صورتِ حال کے پیشِ نظرواپڈا حب ڈیم کی گنجائش میں اضافہ پلان کررہا ہے۔ جس کے بعد ڈیم میں ممکنہ طورپرپانی کی زیادہ مقدار ذخیرہ ہو گی، سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملے گی،اور ساتھ ہی بلوچستان اور کراچی کواضافی پانی مہیا ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ واپڈا اس مقصد کیلئے مختلف امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے کے فور پراجیکٹ آفس کا دورہ کیا۔ جہاں کے فور، آربی او ڈی1 اور 3، نائے گاج ڈیم، نولانگ ڈیم، سندھ بیراج اور واپڈا کے دیگر منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آر بی او ڈی 1اور آربی او ڈی3 منصوبے مکمل ہیں اور ان منصوبوں کو سندھ حکومت کے حوالے کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سندھ میں حالیہ سیلاب کے دوران آر بی او ڈی 1اور آربی او ڈی3نیتسلی بخش طور پر کام کیا۔