ڈینگی و ملیریا کیلئے شہر بھر میں  صفائی ‘اسپرے کرایا جائے‘ پاسبان


کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ شہر بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ڈینگی و ملیریا کے سدباب کیلئے شہر بھر میں صفائی اور اسپرے کرایا جائے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ مرتضٰی وہاب عدم سے وجود میں آ جائیں۔ بارشوں کے بعد بحالی کے کام تیزی سے کرنے کی ضرورت ہے۔ وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے وزارت صحت فعال کردار ادا کرے۔ ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنیاں دوائوں کی ترسیل اور دستیابی کو یقینی بنائیں۔ تمام ملٹی نیشنل کمپنیاںکم سے کم چھ ماہ کے لئے دوائوں کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے آدھی کر دیں۔ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کھائے اور دوائوں کی قلت پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔ نزلہ، زکام اور بخار کی ادویات کی عدم دستیابی کا نوٹس وزیر صحت اور وزارت صحت نہیں لے گی تو آخر کون لے گا؟ فارما کمپنیوں سے ادویات کی قلت پر جواب طلبی کی جائے۔ جگہ جگہ موجود گندے پانی کے جوہڑوں اور کچرے کے پہاڑوں پر زمینی اور فضائی جراثیم کُش اسپرے کیا جائے۔ صدیوں سے موجود بوسیدہ سیوریج سسٹم کی اوور ہالنگ کی جائے۔  جوہڑوں کے گندے پانی کی نکاسی کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ کراچی کے مسائل کا واحد حل اس شہر کو چارٹر سٹی کا آئینی درجہ دینے میں ہے۔ بیماریوں اور گندگی سے پھوٹنے والے دیگر سنگین وبائی امرا ض سمیت ڈینگی اور ملیریا تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں اسپتال مریضوں سے بھرتے جا رہے ہیں۔ ڈینگی کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ڈینگی کا شکار سب سے زیادہ بچے ہیں اور میڈیکل اسٹورز پر بخار کی عام دوائوں کی قلت ہے جس کی وجہ سے شہری ازحد پریشان ہیں ۔ علاوہ ازیںدوائوں کی قیمتوں میں بھی یکدم اضافہ ہوگیا ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف عوام کے علاج کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ اس اضافے کی وجہ سے شرح اموات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن