کراچی (نیوز رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں دن دہاڑے شہریوں خصوصا راہ گیرخواتین سے لوٹ مار کی بڑھتی وارداتیں تشویش ناک ہیں کراچی کے دیگرعلاقوں میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے وحدت ہاوس میں کابینہ کے اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ صبح سویرے اسکول، کالج، فیکٹری اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے گھروں سے نکلنے والے افرادخصوصا خواتین راہ گیروں کے ساتھ لوٹ مار کے واقعات میں گزشتہ چند روز سے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اسٹریٹ کرمنلز خواتین کو خاص طور نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ خواتین کی جانب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں ہوتا،ملیر میں لوٹ مار کے تازہ واقعا ت میں خواتین نقدی، موبائل فون اورقیمتی زیورات سے ہاتھ دہو بیٹھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ چند ماہ میں متعدد کانوں کے تالے توڑ کر اور دن دھاڑے ڈاکے ڈال کر بھی تاجروں کو لوٹا گیا جن سے لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر ڈکیت باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، بعض واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہیں، علامہ صادق جعفری نے کہاکہ ہم نے متعدد بار پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے۔ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں بڑھتی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی روک تھام میں ناکام نظر آئے تو ایم ڈبلیوایم اہلیان کراچی کے ساتھ احتجاج کیلئے سڑکوں پر ہوگی جوکہ ہمارا آئینی وجمہوری حق ہے۔