اسٹریٹ کرائم ناسور بن چکا ہے حکومت ناکام ہوگئی‘عبدالحسیب خان


کراچی(نیوز رپورٹر)کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے سربراہ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم معاشرے کا ناسور بن چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے،عالم لوگ خوف کے مارے ڈاکوئوں سے مزاحمت یا مقابلہ نہیں کرپاتے کیونکہ انہیں اس کی تربیت نہیں ہے لیکن کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں جوڈو کراٹے کی تربیت حاصل کرنے والے اسپیشل طالبعلم یاسرممتاز نے نہ صرف لٹیروں کامقابلہ کیا بلکہ اپنی والدہ اور اپنی بہن کو بھی بچایا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاربدھ کو کراچی پریس کلب میں ڈاکوئوں سے مقابلہ کرکے اپنی والدہ،بہن اورخود کو بچانے والے اسپیشل بچے یاسر ممتاز ،انکی والدہ مسز ممتاز،کے وی ٹی سی کی ٹیچرثمینہ عزیز،ڈائریکٹر ری ہیبلیٹیشن عامرشہاب،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فرحین عامر، پرنسپل کے وی ٹی سی ثناء ایاز،ثمین وقاراور انسٹرکٹر محمدصدیق کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ عبدالحسیب خان  نے کہا کہ ڈاکو شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے نہیں،ایسے میں ہمارے  ادارے کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر  کے ایک اسپیشل طالبعلم  یاسرممتاز نے ڈاکوئوں سے مقابلہ کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی صحتمند لوگوں سے کہیں بہتر ہے کیونکہ ہم ڈاکوئوں کو اپنا سب کچھ دے رہے ہیں اور یاسرممتاز نے اپنا ،اپنی والدہ اور اپنی بہن کا سامان ڈاکوئوں سے مقابلہ کرکے واپس لیا، یاسرممتاز کو علم تھا کہ اسے کس طرح ڈاکوئوں سے مقابلہ کرنا اور انکی کون سی ہڈیاں توڑنا ہے کیونکہ وہ تائی کوانڈو چیمپئین ہے اور جاپان میں مقابلہ کرکے گولڈ میڈل جیت کر آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقت خراب آرہا ہے،ہم سب کو لٹیروں کا مقابلہ کرنے کیلئے دائوپیج سیکھنا ہونگے،حکومت ملک کی اور قوم کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کرے اور بہادری سے مقابلہ کرنے والوں کو انعام دے تاکہ جذبہ بہادری پیدا ہو۔ڈائریکٹر ری ہیبلیٹیشن عامرشہاب نے بتایا کہ کے وی ٹی سی اسپیشل بچوں کو ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ فزیکل ٹریننگ بھی  دے رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن