سیلاب زدگان کی بحالی اور حقوق کراچی تحریک جاری رہیگی‘ حافظ نعیم 

Sep 09, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں ، متاثرین کی بحالی کی کوششوں ، کراچی میں بجلی ، پانی ، سیوریج ، صفائی ستھرائی ، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت شہریوں کو درپیش دیگر مسائل اور حقوق کراچی تحریک کا جائزہ لیا گیا ۔ امراء اضلاع نے اپنے اپنے اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کی رپورٹس پیش کیں اور ہر جگہ مردو خواتین کارکنوں کے جوش و جذبے اور مہم میں اہل کراچی کی غیر معمولی شرکت ،دل کھول کر تعاون کرنے اور جماعت اسلامی اور الخدمت کی کوششوں اور جدو جہد کو ملنے والی زبردست پذیرائی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 150مقامات پرامدادی کیمپ مسلسل مصروف عمل ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کی سرگرمیاں اور اہل کراچی کے مسائل کے حل اور تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدو جہد جاری رکھے گی ۔ سندھ حکومت نے بارشوں اور سیلاب کی پیشگی اطلاعات کے باوجود پہلے سے اقدامات نہیں کیے‘ نہ صرف اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کراچی کی حالت بد سے بدتر ہوئی اور سیلاب سے متاثرین کو بھی بروقت ریسیکو اور ریلیف نہیں مل سکا ۔ متاثرین آج بھی حکومتی امداد اور توجہ کے منتظر ہیں ۔ ہمارا یہ مطالبہ برقرار ہے کہ کراچی میں فوری بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں الخدمت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

مزیدخبریں