لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیموں کے ناموں کی رونمائی کر دی گئی۔ پاکستان جونیئر لیگ 2022ء میں حصہ لینے والی 6 ٹیموں میں سے ہر ایک کو پلیئر ڈرافٹ کے آغاز میں انفرادی شناخت دی گئی تھی، یہ ٹائٹل6 فریقوں کے جغرافیہ، ثقافت اور ورثے کے مطابق دیئے گئے ہیں جو 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کرتے ہیں۔بہاولپور رائلز‘گوجرانوالہ جائنٹس،گوادر شارک‘ حیدرآباد ہنٹرز، مردان واریئرز‘راولپنڈی رائیڈرزشامل ہیں۔لیگ 6اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگی ۔گورڈن پارسنز، اعجاز احمد سینئر، مشتاق احمد، عبدالرزاق، عبدالرحمان اور ٹوبی ریڈفورڈ 6 ٹیموں کی کوچنگ کیلئے نامزد کیا گیا ہے ۔ کوچز کو 6 سے 21 اکتوبر تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے 19 میچوں کے افتتاحی سیزن کیلئے پاکستان جونیئر لیگ کی چھ ٹیموں کی باگ ڈور سونپ دی گئی ہے۔ پارسنز کو بہاولپور کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ریڈفورڈ افتتاحی سیزن میں راولپنڈی‘ اعجاز احمد سینئر گوجرانوالہ ‘مشتاق احمد گوادر ‘عبدالرزاق حیدرآباد ‘ عبدالرحمان مردان کے کوچ ہونگے۔ عمران فرحت بہاولپور کے بیٹنگ کوچ‘ اعزاز چیمہ گوجرانوالہ کے بائولنگ کوچ ‘ کامران خان گوادر کے بیٹنگ کوچ ‘غلام علی حیدر آباد کے بیٹنگ کوچ‘ محمد سمیع مردان کے بائولنگ کوچ‘محمد مسرور راولپنڈی کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ لاہور میں ہونے والے پلیئر ڈرافٹ میں ہیڈ کوچ اور اسسٹنٹ کوچز اپنے پی جے ایل سکواڈز کا انتخاب کیا۔ چھ ٹیموں کیلئے بقیہ سپورٹ سٹاف کا اعلان وقت پر کیا جائیگا۔