پاکستان سری لنکا آج  مد مقابل ٹرافی جیت کر جائیں گے 

Sep 09, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آخری میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جس میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو مکمل آرام کیا اور قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن شیڈول نہیں تھا۔ سری لنکا کیخلاف سپر فور کے میچ کیلئے لیگ سپنر عثمان قادر اور فاسٹ بائولر حسن علی کے پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کا امکان ہے ،آل رانڈر شاداب خان اور فاسٹ بائولر محمد حسنین کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف  نے کہا ہے کہ جس کھلاڑی کو جو رول مل رہا ہے وہ اسے بہترین طریقے سے ادا کر رہا ہے۔ یہ چیز بہت اچھی ہے کہ ہر کھلاڑی صورت حال کے مطابق کھیل رہا ہے۔جس طرح سے نسیم شاہ کھیلا وہ ناقابل یقین تھا، یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اس میں اللہ کی مدد شامل حال تھی۔ جس طرح نسیم شاہ نے بیٹنگ کی ہے اس پر ہم سب کو فخر ہے، نسیم نے جو دو شاٹس لگائی وہ ٹلا شاٹس نہیں تھیں بلکہ اس نے پراپر شاٹس کھیلی تھیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے لیکن کبھی کبھار کچھ میچز آجاتے ہیں جس میں اگر آپ کھیل اچھا بھی کر رہے ہوں تو وکٹ چلی جاتی ہے، بابر کے شاٹس سے ایسی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی کہ وہ آئوٹ آف فارم لگ رہا ہو، بعض اوقات بدقسمتی چل رہی ہوتی ہے یا ایسی کوئی گیند پڑ جاتی ہے کہ آپ شارٹ کھیلتے ہیں تو گیند ہاتھ میں چلی جاتی ہے۔پوری ٹیم کی سوچ یہی ہے کہ ہم نے یہاں سے جیت کر جانا ہے، لڑکے محنت کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے ہاتھ میں صرف محنت ہے، نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن جس طرح لڑکے پرفارم کر رہے ہیں ہم پرامید ہیں کہ ٹرافی لیکر پاکستان جائیں گے۔ اگر کسی بھی ٹیم کے اتحاد اور اس کی طاقت کو دیکھنا ہو تو اس طرح سے چیک کر سکتے ہیں کہ جس بھی لڑکے کو جو رول دیا جا رہا ہے وہ بہترین طریقے سے ادا کر رہا ہے، ہانگ کانگ کیخلاف خوشدل میچ فنش کر کے آیا اور بھارت کیخلاف نواز نے بہترین اننگز کھیلی، شاداب کو اوپر بھیجا اور اس نے پرفارم کیا، تمام کھلاڑی ایک ساتھ کھیلے ہوئے ہیں، بعض اوقات ایسا ہو جاتا ہے اسے زیادہ سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔

مزیدخبریں