ایشیا کپ سپرفور مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دیا تھا، سری لنکا نے تین اوور پہلے ہی 17 ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی طرف سے پاتھم نسانکا نے 55، بھانوکا راجاپکسے نے 24 رنز بنائے۔ محمد حسنین اور حارث روف نے 2، 2 اور عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دیا، پاکستان کا کوئی کھلاڑی لنکن بولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہیں کرسکا۔ یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 121 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ بابراعظم نے 30 اور محمد نواز نے 26 رنز بنائے، محمد رضوان 14، فخر زمان اور افتخار احمد 13، 13، حارث روف نے 1 اور خوشدل شاہ نے 4 رنز بنائے۔ حسن علی اور آصف علی بغیر کوئی کھاتہ کھولئے پویلین لوٹ گئے۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان اورسری لنکا پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ عثمان قادر اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔