کراچی(این این آئی) شہرقائد کے علاقے سرجانی ٹاﺅن میں بجلی کا کنڈا لگانے پر جھگڑا کے دوران فائرنگ سے جماعت اسلامی کے کونسلر محمد حبیب جاں بحق ہوگئے۔سرجانی کے علاقے سیکٹر فورسی فیضان عاشقان رسول مسجد کے قریب کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق ہوگیا جبکہ گولی لگنے اور تشدد سے 3افراد زخمی ہوگئے۔ مقتول کی لاش اور زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال پہنچادیاگیاتفصیلات کے مطابق کراچی کے سرجانی ٹاﺅن میں بجلی کے کنڈے پرتنازع پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوا، بیچ بچاﺅ کے لیے پہنچنے والے جماعت اسلامی کے کونسلر فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق سرجانی ٹاﺅن سیکٹر فور سی کے علاقے میں بجلی چوری کرنے والوں کےخلاف میٹنگ رکھی گئی تھی، جس میں متعلقہ افراد کو بھی بلایا گیا تھا، اسی دوران مخالف پارٹی کے افراد نے موٹر سائیکل پر آ کر فائرنگ کر دی، جس سے محمد حبیب جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ مقتول محمدحبیب کا تعلق جماعت اسلامی سے تھا، علاقے میں بجلی کاکنڈالگانے پرجھگڑاہوا تو معاملے ختم کروانے کے دوران حبیب پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں 3افراد زخمی بھی ہوئے۔زخمیوں میں سیدعدنان ،مزمل،محمد بابو شامل ہیں، زخمیوں میں ایک شخص گولی لگنے سے2پستول کے بٹ لگنے سے زخمی ہوئے تاہم ملزمان کے حوالے سے عینی شاہدین کے بیانات لئے جا رہے ہے۔لاش اور زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیاگیا۔ ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کے مطابق مقتول حبیب کو سینے پر ایک گولی لگی اور سینے پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھروں میں بجلی کے کنڈوں کی مد میں وصول کی جانے والی رقم کے تنازع پر پیش آیا۔عباسی شہید اسپتال میں موجود علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فائرنگ کنڈا مافیا کے کارندوں کی جانب سے کی گئی تھی۔ علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے علاقائی عہدیداروں سے کہا تھا کہ وہ ہمارے گھروں میں بجلی کے میٹروں کا بندوبست کرانے میں مدد کریں اور ہم ان سے بات چیت کر رہے تھے کہ کنڈا مافیا کے کارندے وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے کہا کہ کنڈے کی رقم ہم وصول کریں گے، جس پر ان سے کہا کہ ہم کنڈے کی رقم نہیں دیں گے۔علاقہ مکینوں نے کنڈا مافیا کے کارندوں سے کہا کہ ہم قانونی طریقے سے بجلی کا حصول چاہتے ہیں، جس پر موٹر سائیکلوں پر آئے ہوئے کنڈا مافیا کے کارندوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کونسلر حبیب سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد افراد کو انہوں نے ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی بھی کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جب کہ علاقہ مکین مشتعل ہو گئے۔کونسلرکے جاں بحق ہونے پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی عباسی شہید اسپتال پہنچے۔میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ محمد حبیب مقامی لوگوں کی کنڈے کی شکایت پر گئے تھے اور میٹنگ کرکے جیسے ہی نکلے ان پر گولیاں چلائیں گئیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ کنڈا مافیا پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں کام کر رہا ہے۔وزیر داخلہ،وزیر اعلی اور آئی جی سے مطالبہ ہے کہ فوری نوٹس لیں۔انھوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرائیں گے،ایف آئی آردرج نہ کی گئی توجماعت اسلامی احتجاج کرے گی، نگراں حکومت کا امتحان ہے کہ وہ قبضہ مافیا سے جان چھڑائیں۔دوسری جانب ترجمان جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ کونسلرمحمد حبیب کو کنڈا مافیا سے تعلق رکھنے والے شر پسندعناصر نے گولی ماری، سرجانی ٹاﺅن یوسی 5کے کونسلر،یوسی 7کے چیئرمین علاقہ مکینوں کی میٹنگ میں شریک تھے۔ترجمان نے کہاکہ رہائشی کنڈامافیاسے تنگ آئے ہوئے تھے اس لیے میٹنگ بلائی گئی، رہائشی چاہتے تھے کہ علاقے میں پی ایم ٹی لگے اورلیگل کنکشن ہوں، کنڈامافیا سسٹم چلانے والے6 لڑکے3موٹر سائیکلوں پرآئے اور فائرنگ کی ، فائرنگ سے یوسی 5کے کونسلرمحمدحبیب شہید ہوگئے۔
کراچی؛ کنڈا مافیا کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق ‘3زخمی
Sep 09, 2023