سٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ، بلاول اور مراد علی شاہ کے قریبی ساتھیوں کے نام بھی شامل

Sep 09, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، بدعنوانی کے الزامات کے تحت اہم شخصیات کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے تیار کی گئی سٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن کے اہم ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) امیگریشن کی سٹاپ لسٹ میں شامل ناموں کی تعداد اب ایک ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ابتدائی طور پر سٹاپ لسٹ میں اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز شخصیات کے بجائے ان کے قریبی ساتھیوں اور ان کے ساتھ تعینات سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف آئی اے امیگریشن کی سٹاپ لسٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بعض قریبی ساتھیوں اور افسران کے نام شامل ہیں لیکن حال ہی میں بیرون ملک جانے والے سندھ کے تین اہم سابق وزراءکے نام سٹاپ لسٹ میں نہیں تھے۔ ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ سٹاپ لسٹ میں حکومتوں میں شامل سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران شامل ہیں، اس کے علاوہ سٹاپ لسٹ میں تاجر، بلڈرز اور صنعتکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں