لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 10ستمبر بروز اتوار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام صوبے کے گیارہ شہروں میں قائم 29 مراکز میں لیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ اور امتحانی میٹریل جمعہ کے روز سخت حفاظتی انتظامات میں مختلف شہروں کو روانہ کردیا گیا۔ امتحانی پرچوں کو سٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں رکھا گیا ہے۔ ایم ڈی کیٹ کے امتحانی پرچوں کو متعلقہ اضلاع کی پولیس اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی حفاظت میں لےکر روانہ ہوئے۔ یو ایچ ایس کی سینئر فیکلٹی اور دیگر عملہ بھی ہمراہ ر وانہ ہوا۔ امتحانی میٹریل کو آج مختلف اضلاع کے خزانہ دفاتر کے سیف روم میں محفوظ کردیا جائے گا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے امتحانی عملے کو روانہ کیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کی سربراہی میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت کے تمام سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ امتحان کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو الرٹ کیا گیا۔ رابطے کیلئے ہیلپ لائن 1033 پر افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ محکمہ کا سال کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ انتظامات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کے ساتھ ساتھ عملہ کے بھی موبائل فون رکھنے پر سخت پابندی ہوگی۔ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ٹیسٹ کی نگرانی پر مامور کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اور کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں 67ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباءکیلئے الگ ایم ڈی کیٹ امتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق نگران وفاقی وزیر صحت نے ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے۔ الگ امتحان پی ایم ڈی سی کے پہلے سے منظور شدہ نصاب کے تحت ہوگا۔