چیئرمین پی ٹی آئی امیروں کا ساتھی تھا، ہماری ایک نہ سنی: پرویز خٹک

Sep 09, 2023

نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرین پرویز خٹک نے جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ مخالفین سن لیں کہ ان کا انجام بہت برا ہونے والا ہے۔ ساڑھے تین سال ہم نے پی ٹی آئی میں تمام ڈرامے دیکھے۔ تحریک انصاف میں کسی کی عزت نہیں کی جا رہی تھی۔ ہم نے دیگر پارٹیوں سے مایوس ہو کر اپنی پارٹی بنائی۔ چیئرمین پی ٹی آئی امیروں کا ساتھی تھا۔ اس نے ہماری ایک نہ سنی۔ ہم نے ساڑھے تین سال بہت کچھ برداشت کیا۔ تحریک انصاف والے چوروں، لٹیروں کو آگے لاتے تھے۔ بے ایمان لیڈروں کی وجہ سے ہمارا ملک لٹ گیا۔ یہ ہمارا ملک ہے، ان چوروں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ کرپٹ لوگوں سے ملک کو نجات دلائیں گے۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں اور نگران حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اللہ خیر کرے۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب میں سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ میں جھوٹے وعدے نہیں کرتا، میں جو کام نہیں کر سکتا تو واضح جواب دیتا ہوں، اور جو کام کر سکتا ہوں اس کا وعدہ کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں وزارت چھوڑ کر اس لیے گیا کہ تبدیلی آئے گی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے منتخب لوگوں کی اہمیت نہیں ہے، ان کے سامنے نان منتخب لوگوں کی اہمیت تھی اور باہر سے آنے والے لوگوں کی اہمیت تھی، انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔

مزیدخبریں