اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا اجلاس نے صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے فوری تعین کےلئے قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی کور کمیٹی کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں بالترتیب 14 اور 18 جنوری 2023 کوتحلیل کی گئیں پی ڈی ایم حکومت نے دستور کے آرٹیکل (2)224 کی منشا کے مطابق 90 روز میں انتخابات کے انعقاد سے گریز کیا کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کے 4 اپریل 2023 کے فیصلے سے یکسر انحراف نے ایک طرف آئین شکنی کا دروازہ کھولا ہے تو دوسری جانب قوم میں گہری تشویش کو جنم دیاپاکستان کو درپیش کثیرالجہت بحرانوں کے مثر حل کیلئے جمہور کی منشا کی حامل حکومت کا قیام لازمی آئینی تقاضا اور وقت کی ضرورت ہے،کور کمیٹی کے مطابق دستور کا آرٹیکل (5)48 قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل کی صورت میں صدرِمملکت کو انتخابات کے انعقاد کیلئے 90 روز کی مدت کے اندر کسی تاریخ کے تعین کا پابند بناتا ہے چنانچہ صدرِمملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور آئین کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے بلاتاخیر ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ آئین کی بالادستی صدر کے منصب کا کلیدی تقاضا ہے صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو آئین کی بیحرمتی اور عوام کے بنیادی آئینی، جمہوری حقوق کی پامالی کے ذمہ دار ہونگے.