واٹس ایپ نے ایک اور نیا فیچر متعارف کرا دیا

دنیا بھر میں پیغامات بھیجنے اور موصول کرنے کے لیے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلیکیشن، میٹا کی ملکیت، واٹس ایپ نے ہائی ڈیفینیشن ’ایچ ڈی‘ تصاویر اور ویڈیوز کا فیچر متعارف کروادیا ہے جو کہ تمام صارفین کو دستیاب ہو چکا ہے۔

واٹس ایپ کے ترجمان، ایلی ہیٹرک نے امریکی ویب سائٹ ’دی وَرگ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایچ ڈی تصاویر اور ویڈیوز کا فیچر دنیا بھر میں صارفین استعمال کر سکتے ہیں اور نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے اہم لمحات کو بھی شیئر کر سکتے ہیں۔

ایلی ہیٹرک نے کہا کہ واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین واٹس ایپ پر 720p ریزولوشن (ہائی ڈیفینیشن) والی ویڈیوز اپنے دوستوں سے شیئر کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل واٹس ایپ پر 480p ریزولوشن کی فوٹوز اور ویڈیوز کو ہی بھیجنا اور موصول کرنا ممکن تھا۔

 

فیچر استعمال کرنے کا طریقہ:

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اپنے موبائل میں موجود اُس فوٹو یا ویڈیو کو سلیکٹ کریں جس کو شیئر کرنا ہے، اب اسے کچھ دیر کے لیے دبا کر رکھیں، بعد ازاں اسکرین پر اوپر ایڈیٹنگ ٹولز نظر آنے پر ایچ ڈی کے آپشن پر کلک کریں۔

جب صارفین اس ایچ ڈی بٹن پر کلک کریں گے تو ایک نئی پوپ اپ ونڈو اسکرین پر نمودار ہوگی جہاں آپ فوٹو یا ویڈیو کوالٹی سلیکٹ کر سکیں گے۔

واٹس ایپ میں بائی ڈیفالٹ اسٹینڈرڈ کوالٹی کو سلیکٹ کیا گیا ہے مگر اس نئے فیچر کے آجانے کے بعد اب ایچ ڈی کوالٹی کا آپشن بھی میسر ہوگا۔

جب بھی کوئی واٹس ایپ صارف ایچ ڈی کوالٹی کو سلیکٹ کرکے فوٹو یا ویڈیو بھیجے گا تو اس میں ایچ ڈی لیبل بھی بائیں کونے میں نیچے نظر آئے گا۔

ای پیپر دی نیشن