ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان، ملائیشیا کا میچ 2-2 گول سے برابر

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برابر ہوگیا۔چین کے شہر موکی میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہوگیا، پہلے روز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا، دونوں ٹیموں نے دو، دو گول سکور کئے۔قومی ٹیم کو پہلے ہاف میں سفیان خان نے پہلا گول داغ کر حریف ٹیم کیخلاف ایک صفر کی برتری دلا دی تھی۔دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے گول کرکے اس برتری کو ختم کر دیا تاہم کچھ دیر بعد احمد ندیم نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کر کے قومی ٹیم کو پھر برتری دلا دی۔ میچ کے آخری لمحات میں ملائیشیا کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ کو دوبارہ برابر کر دیا گیا اور اس کے بعد کوئی بھی ٹیم دوسرے پر سبقت نہ لے سکی۔مقابلہ دو دو گول سے برابر ی پر ختم ہوا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ آج 9 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 10بجے کوریا کیخلاف کھیلے گا۔پاکستان اپنا تیسرامیچ 11 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 10بجے جاپان کیخلاف کھیلے گا جبکہ چوتھا میچ 12 ستمبر کو 3بجے چین کیخلاف ہوگا۔پاکستان پول کا آخری میچ 14 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق پونے ایک بجے روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔گزشتہ روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت نے میزبان چین کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی ۔ 

ای پیپر دی نیشن