برطانیہ: ہزاروں افراد کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، اسرائیل میں یاہو کیخلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر آ گئے

Sep 09, 2024

لندن؍ تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف برطانیہ میں بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ اسرائیلی حملوں کے گیارہ ماہ مکمل ہونے پر لندن میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا۔ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے اور غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم رکوانے کا مطالبہ کیا۔ اسرائیل میں غزہ جنگ کے 11 ماہ مکمل ہونے کے باجود تاحال نیتن یاہو حکومت اپنے یرغمالیوں کو حماس کی قید سے بازیاب نہیں کرا سکے ہیں جس کے خلاف شدید احتجاج کیا  گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی تمام  بڑی شاہراہیں احتجاجی مظاہرین سے بھری پڑی رہیں۔ مظاہرین نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے بینرز اٹھا رکھے ہیں اور نیتن یاہو حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو اپنی کرسی بچانے کے بجائے فوری طور پر حماس کے ساتھ غزہ جنگ بندی معاہدہ کریں تاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کو حماس کی قید سے جلد از جلد رہا کرایا جا سکے۔ مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 11 ماہ سے قید یرغمالیوں کی جانیں خطرے میں ہیں لیکن حکومت کو اپنے اقتدار کی پڑی ہے۔ اب تک جو یرغمالی زندہ واپس آئے ان میں سے اکثریت کی معاہدے کے تحت واپسی ہوئی۔ مظاہرین نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو درمیان سے ہٹا کر براہ راست حماس سے مذاکرات کریں اور جلد از جلد جنگ بندی معاہدہ طے کرائیں۔

مزیدخبریں