12 ربیع الاول بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے: گورنر

لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس میں میلاد النبیؐ کے سلسلے میں روح پرور محفل میلاد مصطفیٰؐ  کا اہتمام کیا۔ مقررین نے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ اور ان کی انسانیت کے فلاح اور رہنمائی کے لئے دی گئی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے جس روز خالق کائنات نے حسن کائنات کو وجہ کائنات بنا کر بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہؐ  کی حیات پاک ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ بھی اسی طرح کی میلاد کی محفلیں سجاتا رہوں گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جن جن کی رسول پاکؐ سے نسبت ہے میں ان کا غلام ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عشق رسولؐ والے جتنے لوگ اس ملک میں ہیں کہیں اور نہیں، اسی وجہ سے یہ ملک قائم و دائم ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ طاقتور سیٹوں پر بیٹھنے والے لوگوں نے بہت سی کوتاہیاں کیں مگر پھر بھی ملک قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعطم ذوالفقار علی بھٹو کے شکرگزار ہیں جب ختم نبوت کے قانون پر دستخط کیے تو بھٹو نے کہا میں اپنی موت کے پروانے پر دستخط کر رہا ہوں وہ دستخط ہی ان کی موت کا سبب بنا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ  کے اسوہ حسنہ کی پیروی ہمارے لئے راہ نجات اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ محفل میلاد مصطفیٰؐ کے اختتام پر 13 خوش قسمت افراد میں عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کیے گئے۔

ای پیپر دی نیشن