حکمران بنگلہ دیش جیسی صورتحال بننے پر مجبور نہ کریں: حافظ نعیم 

Sep 09, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکمران واپوزیشن پارٹیاں ذاتی جائیدادیں اور بنک بیلنس بنارہی ہیں۔ پانی، بجلی، گیس، پیٹرول سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ نہیں۔ ضلع کورنگی کے تحت ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں کارکنان و میڈیا سے خطاب میں کہا عوام جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کا حصہ بنیں۔ ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا، دھرنا ختم نہیں مؤخر کیا ہے، حکومت کا مسلسل تعاقب کررہے ہیں۔ مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اور دھکا دینے کی ضرورت ہے۔ ملک میں اس وقت جاگیرداروں، سرمایہ داروں، ڈکٹیٹروں کے آلہ کار اور عدلیہ پر مشتمل حکمران ٹولہ ہم پر مسلط ہے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی نے بھارتی آلہ کار حسینہ واجد کے خلاف زبردست مہم چلائی اور ملک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک پر امریکی آلہ کار مسلط ہیں جو آئی پی پیز کے نام پر ٹیکسز وصول کر کے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ حکمران پاکستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال بننے پر مجبور نہ کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی نمبر ساڑھے تین پر جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں ضلع کورنگی کا دورہ کے موقع پر کارکنان و میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبد الجمیل نے کہاکہ ہم نے لانڈھی اور کورنگی کے عوام کے لیے لانڈھی ٹاؤن کے تحت فری آئی ٹی کورسز کا انعقاد کیا تھاجس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا جس میں 1500طلبہ و طالبات نے فری آئی ٹی کورسز میں حصہ لیا اور اب ہم دوسرا فیز شروع کرنے جارہے ہیں جس میں 4فری آئی ٹی کورسز ہوں گے۔

مزیدخبریں