شکر گڑھ(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے عمران خان کے ذریعے ملک میں انتشار کی سازش ہو رہی ہے۔ آبائی حلقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے 4 سال مرکز اور پنجاب میں حکومت کی، حکومت سازشوں اور فوج دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کے ذریعے ملک میں انتشار کی سازش ہو رہی ہے، ہم دہشت گردی کی جنگ جیت کر ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے، بانی پی ٹی آئی نے عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کو چن کر وزیر اعلیٰ لگایا، عمران خان نے 4 سالہ دورِ حکومت میں گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ بانی پی ٹی آئی نے 4 سال سیاسی مخالفین کو چور ڈاکو کہنے میں گزار دئیے، عمران خان نے مجھے جھوٹے مقدمے میں اڈیالہ جیل بند کرایا، بانی پی ٹی آئی نے لوگوں سے چور اور ڈاکو کے نعرے لگوائے۔ میں بطور ممبر اسمبلی سزائے موت کے قیدی والی چکی میں رہ سکتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کیوں نہیں؟ کوئی سمجھتا ہے عمران خان کو چکی میں نہیں ہونا چاہیے تو وہ مجھ سے بھی معافی مانگے۔ بانی پی ٹی آئی کو جو سہنا پڑ رہا ہے وہ ان کی کرتوت کا صلہ ہے، 2018 میں کہا تھا اناڑی کو نہ جانے کس کے کہنے پر مسلط کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے 24 کروڑ آبادی کے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔