سیر تِ سرورعالم ایک سدا بہار موضوع ہے۔ ایسا موضوع جس کی خوشبو سے مسلمان کبھی سیرنہیںہوتے۔ اللہ کے رسو لﷺ کی سیرت مطہرہ پر صدیوں سے لکھا جا رہا ہے اور قیامت تک لکھا جاتا رہے گا۔ زیر تبصرہ کتاب ’ اخلاق نبویؐ کے سنہرے واقعات ‘ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ اس کتاب کے مؤلف عبدالمالک مجاہد ہیں۔ اخلاق کے معانی بے حد وسیع ہیں۔ تمام اچھی صفات کے مجموعہ کا نام اخلاق ہے۔ دنیا کے انسانوں میں پائی جانے والی تمام اعلیٰ و ارفع صفات کو جمع کیا جائے اور پھر ان کا اللہ کے رسولؐ کی مبارک زندگی کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ یہ تمام صفات اللہ کے رسولؐ کی ذات بابرکات میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں۔ جہاں تک اللہ کے رسولؐ کی تعلق ہے تو ان کی تربیت خود اللہ تعالی نے فرمائی تھی۔ آپؐ کا تزکیہ اس خوبصورت انداز میں فرمایاکہ آپؐ اس کائنات میں سب سے اعلیٰ اخلاق والے بن گئے۔ آپؐ میں بھی یہ خوبی بدرجہ اتم پائی جاتی تھی کہ آپؐ نے اپنی امت کو جو تعلیم دی اس پر سب سے پہلے خود عمل کرکے دکھایا۔
سیرت نبی کی کتابیں شائع کرنے میں دارالسلام انٹرنیشنل ایک بڑانام ہے۔اس موضوع پردارالسلام اب تک کئی شاہکارکتابیں شائع کرچکاہے۔دارالسلام کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہدکہتے ہیں جب میں نے اخلاق نبوی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیرت پاک کا مطالعہ شروع کیا اورآپؐ کے اخلاق کے حوالے سے واقعات کو جمع کرنا شروع کیا تو بہت سارے واقعات ملتے چلے گئے۔ تاہم میں نے متعدد بار ایسی کتاب کی تلاش کی جس میں اخلاق نبویؐ کے جملہ واقعات کو ایک جگہ جمع کیا گیا ہو ، متعدد علمائے کرام سے بھی یہی سوال کیا مگر ہر بار مجھے یہی جواب ملا کہ اخلاق کے حوالے سے واقعات تو ضرور ملتے ہیں لیکن یہ واقعات ایک ہی جگہ اکٹھے نہیں ملتے، چنانچہ اللہ کی توفیق سے میں نے نیت کی کہ اخلاق نبویؐ کے سنہرے واقعات کو خود ہی ایک جگہ جمع کروں اور پھر ان واقعات کو سادہ انداز میں لکھ کر عامۃ الناس کے سامنے رکھوں اور ان سے کہوں: دیکھیں !یہ تھے ہمارے پیارے رسولﷺ۔
زیرنظر کتاب میں اخلاق نبویؐ کے ایک سو سنہرے واقعات کو جمع کیا گیا ہے۔ کتاب میں کوئی من گھڑت، موضوع، ضعیف واقعہ شامل نہیں بلکہ صرف انھی واقعات کو شامل کیاگیا ہے جو صحیح ہیں اور ان کا تذکرہ مستند کتابوں میں ہے۔ اس کتاب میں جو لکھاگیا اس کی علماء نے بھی خوب تحقیق و تخریج کی ہے۔ زبان و بیان کی بہتری،عبارات کی تصحیح اور کتاب کی نوک پلک سنوارنے کے سلسلے میں پاکستان کے معروف محقق محسن فارانی نے اس پر کام کیا ہے۔پاکستان کے ممتاز عالم دین پروفیسر مزمل احسن شیخ نے بھی پوری کتاب کو شروع سے آخر تک پڑھا اور بعض گراں قدر مشوروں سے نوازا،جس کتاب کاتحقیقی معیار مزید خوبصورت ہوگیاہے۔زیرنظر کتاب کے اردوایڈیشن کی بے پناہ مقبولیت کے بعدعبدالمالک مجاہد اس بات کاعزم رکھتے ہیں کہ اس کتاب کو دنیا کی کم از کم دس زبانوں میں ترجمہ کر کے شائع کیا جائے گا تاکہ دیگر اقوام بھی اللہ کے رسولؐ کے اخلاق کے حوالے سے آگاہ ہوسکیں۔ اس طرح اس کتاب کو پڑھ کر بہت سے لوگ مسلمان ہوں گے اور اسلام کے بارے میں ان کی غلط فہمیاں دور ہوں گی۔ دارالسلام نے طباعت کی عمدہ روایت کوبرقراررکھتے ہوئے کتاب کوچارچاندلگادیے ہیں ،نہایت ہی عمدہ طباعت دیدہ زیب سرورق اورعنوانات کی ترتیب ایسی خوبصورت ہے کہ دل بے اختیارکتاب کی طرف کھینچا چلا جاتا ہے۔ ضروری ہے کہ ایسی عمدہ کتاب ہرگھر، ہرلائبریری کی زینت بنے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ کرسکیں۔ کتاب کی قیمت 1500روپے اور ملنے کا پتا دارالسلام انٹرنیشنل،انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور ہے۔ اس سلسلے میں 042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
اخلاق نبوی کے سنہرے واقعات
Sep 09, 2024