اسلام آباد(خبرنگار) قائد اعظم یونیورسٹی شعبہ تاریخ کی اسسٹنٹ پرو فیسر ڈاکٹر فوزیہ فاروق کو آکسفور ڈ یونیورسٹی نے ٹارچ گلوبل وزٹنگ فیلو شپ 2024 کے لئے منتخب کر لیا ہے، ڈاکٹر فوزیہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون فیکلٹی ممبر ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آکسفرڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز میں جنوبی ایشیا میں اسلام پر فیلوشپ 2025-26بھی حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ کو 2024 کے لیے آل سولز کالج میں TORCH گلوبل وزٹنگ پروفیسر شپ سے نوازا گیا ہے۔اس فیلو شپ کے لئے سخت انتخابی عمل کے بعد ہر سال گلوبل ساوتھ سے صرف ایک اسکالر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ دی آکسفرڈ یونیورسٹی ریسرچ سنٹر ان دی ہیو مینیٹیز (ٹارچ)فیلو شپ سکالرز کو آ کسفرڈ یونیورسٹی کی اکیڈمک کمیونٹی کے ساتھ مشغول ہونے، تحقیق کا اشتراک کرنے، اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی پبلک سیکٹر یونیورسٹی سے پاکستانی خاتون سکالر نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔