اسلام آباد(خبرنگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے بلوچستان چیپٹرکا کانووکیشن گذشتہ روز کوئٹہ میں منعقد ہوا۔گورنر بلوچستان، جعفر خان مندو خیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں یکساں اور اعلی تعلیم دے رہی ہے جو قابل تعریف ہے۔ کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی فاصلاتی نظام تعلیم کے باعث دنیا بھر کی ممتاز یونیورسٹیوں میں ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے۔اس ادارے کی یہ بھی خصوصیت ہے کہ کسی بھی عمر میں، یا ذات، مذہب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اوپن یونیورسٹی نے جدیدڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی کو برکار لاتے ہوئے تمام پاکستان میں مقیم طلبہ کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے بھی مواقع فراہم کئے ہیں۔