اسلام آباد(خبر نگار)وائس چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ سیدسمیع اللہ حسینی نے کہاکہ کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد میں تحفظ ختم نبوتؐکا پرچم بلند رہے گا ۔کوئی گروہ اور کوئی سازشی عناصر کبھی بھی عظمت رسولؐاور ذکر رسولؐ کی روشنی کم نہیں کرسکتے ۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی تحفظ ختم نبوت کانفرنس مینار پاکستان اور انٹر نیشنل ختم نبوت کے زیر اہتمام چنیو ٹ میںختم نبوت کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نبی مکرم ؐازل سے صبح قیامت اور اس کے بعد میدان حشر تک آخری نبی ہیں اور رہیں گے ۔ 50 برس قبل قومی اسمبلی نے قرارداد منظور کرکے قادیانیوں کو اقلیت قرار دے کر تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر یقین نہ رکھنے والے دائرہ اسلام سے خارج ہیں،اسلام دشمن قوتیں عقیدہ ختم نبوت کو کمزور کرنے کے لئے مسلمانوں کے خلاف ہر طرح کی سازشوں میں شریک ہیں جس سے ہمیں تمام مسلمان اور بالخصوص اپنی نئی نسل کو بچانا ہوگا۔ وائس چیئرمین علما کونسل پاکستان نے کہا کہ ہم نبی آخرالزمان کی ناموس کی حفاظت کے لئے جان ومال اوراپنی اولاد بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔صاحبزادہ سید سمیع اللہ حسینی نے رفقا کے ہمراہ لاہور اور چنیوٹ کی ختم نبوت کانفرنسوں میںشرکت کی۔
اسلام دشمن قوتیں عقیدہ ختم نبوت کو کمزور کرنے کے درپے ہیں: سمیع اللہ حسینی
Sep 09, 2024