راولپنڈی ( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کی کائنات میں تشریف آوری کو ربِ رحمن نے قرآنِ کریم میں احسانِ عظیم کے طورپر یاد فرمایا ہے۔ امتِ مسلمہ کے اوپرنہایت با عظمت و با برکت مہینہ ربیع الاول شریف سایہ فگن ہے۔ محسنِ اعظم انسانیت ؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں جس کے کسی حصے کو بھی درد ہو تو سارا جسم درد کو محسوس کرتا ہے۔ امتِ مسلمہ جن مشکل ترین حالات سے گزر رہی ہے خصوصا جس جبرو استبداد کا فلسطینی مسلمانوں کو سامنا ہے اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے جس بے دردی سے وہاں کے معصوم بچوں کو ذبح اور مظلوم عوام کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس نے امتِ مسلمہ کے دل چھلنی کر دیے ہیں۔ ان تمام سنگین حالات سے نمٹنے کا واحد حل یہ ہے کہ مسلمانانِ عالم اپنے عمل و کردار کو مکمل طور پر حضور نبی رحمت ؐ کی شریعتِ مطہرہ کے تابع کر کے اپنی اصلاح کریں۔ ایسا ہی پر فتن دور حضور نبی کریم ؐ کی اس کائنات میں تشریف آوری سے پہلے جاری تھا یہاں تک کہ آپ ؐکی تشریف آوری ہوئی اور ربِ رحمان نے اس کو مومنین پر احسان جتایا اور قرآن کریم میں حکم اِرشاد فرمایا کہ میری نعمت ِ عظمی کا خوب چرچا کرو۔حضور نبی رحمت ؐ کی اس جہاں میں تشریف آوری سے ظلم و جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے، بیٹیوں کو زندہ در گور کرنے جیسے قبیح فعل کا خاتمہ ہوا اور سسکتی ہوئی انسانیت نے اپنا کھویا ہوا مقام واپس پایا۔آپ ؐ کی تشریف آوری سے بیک وقت کائنات میں بہار آئی اور ہر طرف نورکے اجالے ہوگئے۔ حضور نبی کریم ؐ کی غلامی و اتباع ہم سے اس بات کی متقاضی ہے کہ ایک ایسا مہذب اور با اخلاق معاشرہ تشکیل دیں جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، رواداری، اخوت و محبت اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کے عظیم جذبات بھر پور طریقے سے فروغ پائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیزکی خوشحالی، سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
حضور نبی کریم ؐ کی کائنات میں تشریف آوری رحمتو ں کا باعث،پیر محمدنقیب الرحمن
Sep 09, 2024