اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں 16 ماہ سے جاری جنگی صورتحال کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں،ملک کا انفراسٹرکچر بھی تباہی کا نقشہ پیش کررہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذہانوم گبریسس نے دوروزہ دورے کے بعد پورٹ سوڈان شہر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد کا اعلان کیا، یہ شہر فوج کی حمایت یافتہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ٹیڈروس نے کہا کہ اموات کی اصل تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے، سوڈان ایک طوفانی بحران کا شکار ہے جہاں تباہی کی حد چونکا دینے والی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہاں تنازعات کو کم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔