سیول (ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) شمالی کوریا نے کوریائی خطے میں تھرمو نیوکلیئر جنگ کی دھمکی دیدی ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے وارننگ دی کہ جنوبی کوریا میں مقیم غیرملکی ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ جنگ کے دوران غیرملکیوں کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ جاپان نے شمالی کوریا کی دھمکیوں کے بعد ٹوکیو کے اطراف میں میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کر دیا ہے۔جزیرہ نما کوریا میں صورت حال بدستور تشویشناک ہے۔ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو جنگ کی دھمکی دیتے ہوئے درمیانے درجے تک مار کرنے والے میزائل مشرقی ساحل پر بھیجے ہیں۔ ان دھمکیوں کے بعد دارالحکومت ٹوکیو کے اطراف میں میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا مقصد اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔ دوسری جانب امریکی حکام نے جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے مابین موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے روس اور چین کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاﺅس کے ترجمان جے کارنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ روس اور چین، شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کی کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے شمالی کوریا سے کہا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیوں سے باز رہے۔ اس بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہے کہ شمالی کوریا ایک نیا جوہری تجربہ کرنے والا ہے۔پینٹاگون نے شمالی کوریا کی بڑھتی ہوئی ایٹمی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امریکہ نے شمالی کوریا کیخلاف فوجی کارروائی کرنے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ مزید کوئی اشتعال انگیز اقدامات اٹھانے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا اس طرح محاذ آرائی روا رکھ کر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی اتھارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے آگے نہیں بڑھ سکتا۔آن لائن کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے خبردار کیا ہے کہ معمولی سی غلطی سے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔