لاہور (ثناءنیوز) عوامی سماجی حلقوں نے پنجاب کی نگران کابینہ کے پنجاب کے سرکاری دفاتر میں ہفتہ میں دو چھٹیوں کے اعلان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت پہلے ہی بحران کا شکار ہے۔ اس فیصلے سے معیشت کی حالت مزید پتلی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران کابینہ کے اس فیصلہ سے صوبہ بھر کے سرکاری محکموں میں مسائل حل کرانے کیلئے آنے والے سائل‘ ہسپتالوں میں آنے والے مریض دو چھٹیاں ہونے سے خوار ہوں گے ۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے صدر سید انوار حسنات نے کہا سرکاری دفاتر میں ائرکنڈیشنڈ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی جانی چاہئے۔ دریں اثناءمختلف قارئین نے فون کر کے نوائے وقت کو بتایا کہ ہسپتالوں میں بھی صرف آئی سی یوز اور آپریشن تھیٹرز میں ائرکنڈیشنڈ کے استعمال کی اجازت ہونی چاہئے۔ ایک بچے کے والد نے کہا کہ اس فیصلے سے بچوں کی پڑھائی کا حرج ہو گا۔
2 چھٹیاں نامناسب فیصلہ ہے‘ سرکاری دفاتر میں اے سی بند کرائے جائیں: عوامی حلقے
Apr 10, 2013