پاکستان‘ چین گٹھ جوڑ ہمارے لئے خطرہ ہے‘ بھارتی فوج ہر وقت تیار رہے : وزیر دفاع

Apr 10, 2013

نئی دہلی (آن لائن)بھارت نے پاکستان اور چین کو اپنے لئے خطرہ ظاہر کرتے ہوئے اپنی فوج کو خبردار کیا ہے کہ وہ پڑوسی ممالک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ تیار رہے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع اے کے انتھونی نے آرمی کمانڈر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا گٹھ جوڑ بھارت کیلئے خطرے کا باعث ہے ۔چین میں سیاسی قیادت کی تبدیلی کے باوجود بھارت مخالف جارحانہ رویہ تبدیل نہیں ہوا اور مستقبل قریب میں بھی چین کی جانب سے فوجی خطرات کا سامنا ہوگا۔ وزیر دفاع نے فوجی حکام سے کہا کہ وہ چین کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے کے باعث اپنی تمام تر دفاعی حکمت عملی اور تیاری کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ چین سے مقابلے کے لئے کئی موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے زیر انتظام کچھ حصول اور ایکچوئل کنٹرول لائن کے قریب 4 ہزار سے زائد کلو میٹر تک علاقے میں پھیلے چینی انفراسٹرکچر ہمارے لئے شدید مشکلات اور خطرات کاباعث ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیں مزید وسیع بنیادوں پر سٹرٹیجک اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔اے کے انتھونی نے پاکستانی بندر گاہ گوادر پورٹ کا انتظام چین کو سونپے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی سرحد کے قریب اس بندر گاہ کی حوالگی پر عندیہ ہے کہ دونوں ممالک آئندہ مستقبل قریب میں اپنے گٹھ جوڑ کو مزید مضبوط کریں گے جو بھارت کےلئے مزید خطرات کی علامت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان بھی بھارت کےلئے خطرہ بنتا جارہا ہے۔پاکستان نے چین اور امریکہ کی مدد سے اپنے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانا شروع کر دیا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے کئی دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی جاری ہے جو کشمیر میں فوج کیخلاف خفیہ جنگ میں مصروف ہیں ۔افغانستان میں پاکستانی کردار پر انگلی اٹھاتے ہوئے اے کے انتھونی نے کہا کہ پاکستان بدستور طالبان کی حمایت کررہا ہے اور 2014ءکے بعد اس کے منفی اثرات سے بچنے کےلئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔

مزیدخبریں