مارگریٹ تھیچر کی میت نامعلوم مقام پر منتقل، آخری رسومات 17اپریل کو ہونگی

Apr 10, 2013

لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کی آخری رسومات 17 اپریل کو ادا کی جائیں گی۔ برطانیہ کی آئرن لیڈی مارگریٹ تھیچر کی میت ان کے انتقال کی جگہ سے نامعلوم مقام پر منتقل کردی گئی ہے۔ برطانوی ملکہ اور شہزادہ فلپ بھی دیگر رہنماﺅں کے ساتھ ان کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ مارگریٹ تھیچر دوسری برطانوی وزیراعظم ہونگی جن کی آخری رسومات سرکاری سطح پر پورے اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔مارگریٹ تھیچر کی موت کے بعد سوگ میں برطانیہ کا پرچم یونین جیک سرنگوں ہے۔ دنیا بھر کے رہنماﺅں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر زرداری، نگران وزیراعظم نے بھی ان کے انتقال پر اظہار کیا ہے۔ مزید برآں ملکہ ایلزبتھ نے ایک پیغام میں مارگریٹ تھیچر کو عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سپین کا دورہ مختصر کرکے واپس برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے مارگریٹ تھیچر کو دنیا کے لئے مثال قرار دیا جبکہ سابق سوویت صدر میخائل گوربا چوف نے کہا ہے کہ تھیچر شاندار سیاستدان تھیں۔ اے ایف پی کے مطابق سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی موت پر خوشی منانے والے سینکڑوں افراد کی پولیس سے مڈ بھیڑ ہو گئی پولیس پر بوتلیں پھینکیں جس سے 6پولیس افسر زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں