طبی تعلیم میں اناٹومی اور فزیالوجی علم الابدان کی بنیاد ہے،میڈیکل کالج کا پہلا سال اس لحاظ سے ایک کٹھن مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ اس دوران یہ بنیادی پرچے حل کرنا ہوتے ہیں اس دوران کی ہوئی محنت پورے پانچ سالہ کورس میں بار بار مددگار بنتی ہے۔ان پرچوں میں انسانی لاش کی عملی چیرپھاڑ کے ذریعہ انسانی جسم کے ایک ایک رگ ریشے ہڈی اور عضو کا محل وقوع،ماہیت،حرکت وعمل اور اہمیت کی عملی تعلیم دی جاتی ہے۔ایک دفعہ کسی میڈیکل کالج میں انسانی لاشوں کا قحط پڑگیا۔مجبوراً انتظامیہ نے اعلان کردیا کہ لاشوں کی عدم فراہمی کے سبب کورس کا کچھ حصہ معرض التوا میں ڈالا جاسکتا ہے جس کے سبب عین ممکن ہے سیشن لیٹ ہوجائے اور لڑکوں کا ایک قیمتی سال ضائع ہوجائے۔یہ خبر سنتے ہی چاروں سمت سراسیمگی کی لہر دوڑ گئی۔جتنے منہ اتنی باتیںکسی نے تجویز دی کہ باہر سے درآمد کرلی جائیں۔ایم بی بی ایس کرنا ہے تو اناٹوی بنیاد ہے اناٹوی کے لیے لاشیں چاہیئں!اب کیا ہو؟
ہاسٹل کے ڈائینگ ہال میں ایک لڑکے نے اپنے بے تکلیف دوست کو مذاقاً کہا تمہارے ابو چند دن پہلے فوت ہوئے تھے تم قوم کے وسیع تر مفاد میں ان کی لاش کالج کو ڈونیٹ کردو۔دوست نے سامنے پڑا ڈونگا مار کر اس کا سرپھاڑ دیا اور جواباً چلایا تمہارا باپ بھی بستر مرگ پر ہے اسے زہر کا ٹیکہ لگائو اور اجتماعی مفاد کی خاطر ان کی لاش لے آئو۔پہلے نے یہ سنا تو کرسی اچھالی اور دوست کا ماتھا زخمی کردیا۔آخر کچھ لڑکوں نے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ اکٹھا کیا اور کچھ جرائم پیشہ لوگوں سے رابطہ کیا جو چند دن کے بعد دولاشیں اٹھا لائے۔اس خبر سے طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔بیچلر آف میڈیسن اینڈ سرجری بننے کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی۔
ڈائی سیکشن ہال میں بڑی گہما گہمی تھی۔طلباء سراپا شوق وتجسس تھے لاشوں پر سے سفید چادر ہٹائی گئی تو سب ششدر اور حیران رہ گئے کیونکہ یہ دونوں نعشیں محسنین پاکستان کی تھیں ۔طلباء کی اکثریت ان شخصیات سے واقف تھی۔جو واقف تھے وہ آبدیدہ ہوگئے اور جو چند ناواقف تھے ایم بی بی ایس کی دھن میں نشتر بہ کف لاشوں پر پل پڑے۔ اچانک انسٹرکٹر داخل ہوا اور صورتحال کو دیکھ کر کہنے لگا۔ بھلے مانسو! اناٹومی کے لیے تازہ لاشیں درکارہوتی ہیں۔ اگر ہمت ہے تو تازہ لاشوں کا اہتمام کرو!
ضروری نوٹ :گذشتہ کالم میں نوجوان شاعر رانا ذکاء اللہ کی ناگہانی موت کا ذکر ہوا تھا اس بارے میں تازہ ترین وضاحت موصول ہوئی ہے کہ مرحوم کی موت ڈرگ ری ایکشن سے ہوئی۔ (واللہ اعلم بالصواب) خدا ان کی مغفرت فرمائے۔
مقدس نعشیں جراحی کی ٹیبل پر
Apr 10, 2014