لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عدالت کے حکم کے باوجود اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے اداکارہ میرا و کیپٹن نوید کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لانے پر توہین عدالت کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ مزنگ کو بارہ اپریل کو عدالت طلب کر لیا ہے۔ شہری شبیر نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سائل کی درخواست پر عدالت نے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف فحش ویڈیو بنانے کے جرم میں ایس ایچ او تھانہ مزنگ کو کارروائی کا حکم جاری کیا تھا مگر وہ مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے جس پر عدالت نے ایس ایچ او کو طلب کر لیا ہے۔