رحیم یار خان (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) پولیس نے صادق آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے 6 کلو بارود، دو پستول، تار اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر چٹھہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا پولیس کو اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے 2 دہشت گرد ریاض بگٹی اور پیرکھ بگٹی جو سوئی کے رہنے والے ہیں دلہار پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر بم نصب کررہے ہیں جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، انہوں نے بتایا ملزموں کے قبضے سے 3، 3 کلو وزنی 2 بم برآمد ہوئے جبکہ واقعے کے کچھ دیر بعد قراقرم اور جعفر ایکسپریس نے اس ٹریک سے گزرنا تھا۔ دوسری طرف شہدادپور کے علاقے سرہاڑی میں مسلح افراد نے منشوری پھاٹک کے پاس 700 گرام وزنی بم سے دھماکے کرکے ریل ٹریک کو اڑانے کی کوشش کی، دھماکے سے سیمنٹ کے سلیپر ٹوٹ گئے دھماکے کے تھوڑی دیر بعد کراچی سے پنجاب جانے والی عوام ایکسپریس کو گزرنا تھا جو بال بال بچ گئی۔اس دھماکے کے بعد فوری طور پر کراچی سے پنجاب اور پنجاب سے کراچی جانے والی ریل گاڑیوں کو روک لیا گیا۔