لندن (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) برطانوی وزیراعظم نے سابق پاکستانی ڈرائیور کے بیٹے کو برطانیہ کا وزیر برائے ثقافت مقرر کر دیا۔ بدھ کو غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان میں سابق پاکستانی ڈرائیور عبدل کے بیٹے اور بینکر ساجد جاوید برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹیو پارٹی میں ابھرتے ہوئے رہنما ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے انہیں نیا کلچرل سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔وہ کنزرویٹو پارٹی کے پہلے ایشیائی مرد رکن ہوں گے جو برطانوی کابینہ کے ممبر بنے ہیں۔ نئی ذمہ داریوں کے تحت ساجد جاوید براڈ کاسٹنگ ، میڈیا، ٹورازم، ٹیلی کام اور آرٹس کے امور کے ذمہ دار ہوں گے۔واضح رہے کہ جاوید کے والد عبدل1961ء میں جب برطانیہ پہنچے تو ان کی جیب میں صرف ایک پائونڈ تھا وہ راجڈیل میں رہتے تھے اور ڈرائیونگ کر کے گزارہ کرتے تھے۔