کراچی+ لاہور (سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) سابق صدر پرویز مشرف کو مزید علاج کیلئے کسی بھی وقت کراچی شفٹ کیا جا سکتا ہے۔ پرویز مشرف کو پی این ایس الشفاء میں منتقلی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ان کیلئے ہسپتال کے گرائونڈ فلور پر کارڈیک وارڈ تیار کرلیا گیا ہے ہسپتال کی تزئین آرائش جاری ہے۔ پی این ایس الشفاء کے اطراف پہرہ لگا دیا گیا ہے۔ عمارتوں پر شوٹر تعینات کئے گئے ہیں اور سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ سابق صدر کو کسی بھی وقت شفٹ کیا جاسکتا ہے کیونکہ ان کا مزید علاج پی این ایس الشفاء میں ہی ہو سکتا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق کراچی میں پرویز مشرف کو فول پروف سیکورٹی میسرہوگی اور سیکورٹی خدشات سے بچا سکے گا۔ اسلام آباد میں ان پر کئی ناکام حملے ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء مشرف کی ترجمان اور آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی رہنما آسیہ اسحاق نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو کراچی کے پی این ایس شفا ہسپتال میں منتقل نہیں کیا جارہا بلکہ چک شہزاد میں ان کی رہائش گاہ کو پہلے ہی ہسپتال قرار دیا جاچکا ہے۔ اس طرح وہ اس وقت گھر نہیں ہسپتال میں ہیں جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم دن رات ان کی دیکھ بھال کررہی ہے۔ وہاں 24 گھنٹے ایمبولینس دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی کراچی منتقلی کی خبریں درست نہیں اور نہ ہی فی الحال پرویز مشرف کا باہر جانے کا کوئی ارادہ ہے۔