سانیا (آئی این پی) وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف چینی حکومت کی دعوت پر بائو فورم برائے ایشیا 2014ء میں شرکت کے لئے گذشتہ روز چین پہنچ گئے۔ صوبہ ہنان کے نائب گورنر چن ژائی رونگ اور پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی دونگ نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم آج (جمعرات) کو فورم سے کلیدی خطاب کریں گے جس کا افتتاح چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کیا۔ بعد ازاں وہ آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور قزاقستان کے وزراء اعظم سمیت دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ چینی وزیراعظم کی ضیافت میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف ’’شاہراہ ریشم کی بحالی‘‘ کے بارے میں سیمینار سے بھی خطاب کریں گے جس میں چین، قزاقستان اور ایران کے رہنما شرکت کریں گے۔ فورم میں شرکت کے علاوہ وہ چینی وزیراعظم سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ ایگزم بینک آف چائنہ کے چیئرمین سے بھی ملیں گے۔ بائو فورم برائے ایشیا کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات بھی (آج) جمعرات کو ہو گی جو دونوں رہنما ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران ان کی تیسری ملاقات ہو گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات سے ہماری سدا بہار دوستی اور تعاون کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم چین پہنچ گئے
وزیراعظم چین پہنچ گئے، آج بائو فورم سے خطاب چینی ہم منصب سے ملاقات کرینگے
Apr 10, 2014