این اے 89 جھنگ سے اکرم شیخ نااہل مولانا لدھیانوی ایم این اے قرار

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) الیکشن ٹربیونل کے خصوصی جج جاوید رشید محبوبی نے جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سے مسلم لیگ کے رکن اسمبلی اکرم شیخ کو نااہل قرار دیتے ہوئے الیکشن دوبارہ کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مئی 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران جھنگ میں این اے89 کی سیٹ پر مسلم لیگ (ن) کے شیخ اکرم منتخب ہوئے تھے جن کے خلاف مولانا احمد لدھیانوی اور عبدالغفور نے الیکشن ٹربیونل کے خصوصی جج جاوید رشید محبوبی کی عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی کہ الیکشن غیرمنصفانہ ہوئے تھے اور الیکشن کے دوران دھاندلی کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ مولانا احمد لدھیانوی نے اکرم شیخ پر رشوت کے الزامات بھی عائد کئے تھے جس پر فاضل جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا این اے 89 کے الیکشن کالعدم اور غیرمنصفانہ تھے اور اکرم شیخ کو نااہل قرار دیتے ہوئے الیکشن دوبارہ کروانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ واضح رہے کہ نااہل ہونے والے ایم این اے اکرم شیخ نے اپنے بیٹے وقاص اکرم شیخ کی جگہ پر الیکشن لڑا تھا اور وقاص اکرم شیخ پر بھی کچھ اعتراضات سامنے آئے تھے جس کے باعث وہ انتخابات میں حصہ نہ لے سکے تھے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق فیصلہ آنے کے بعد اہلسنت و الجماعت کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے مولانا احمد لدھیانوی پر پھول نچھاور کئے۔ ایوب چوک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد لدھیانوی نے کہاکہ جن لوگوں کی بنیاد جھوٹ پر تھی، انہیں شکست ہوئی، ہم نے حق کا ساتھ دیا اور فتح یاب ہوئے، ہم آزاد عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جھنگ کی عوام کو حق اور سچ کی جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آن لائن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے  89 جھنگ سے مولانا محمد احمد لدھیانوی کو  ایم این اے نے قرار دے دیا گیا ہے ، الیکشن ٹربیونل نے  کامیابی کے نوٹیفکیشن کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھجوا دیا ہے جبکہ  الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی  جیتا ہوا امیدوار نااہل ہوجائے یا وفات پا جائے تو وہاں دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تاہم الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا، فیصلہ آنے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کر سکیں گے۔ ذرائع  نے آن لائن کو بتایا کہ الیکشن ٹریبونل نے  مولانا احمد لدھیانوی کی درخواست پر شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دیا  ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے فیصلے میں لکھا ہے کہ شیخ محمد اکرم آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اور وہ نااہل ہیں جس کے بعد مولانا احمد لدھیانوی اس حلقے کے کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا جب الیکشن کمیشن کو فیصلہ موصول ہوجائے گا تو اس پر اپنی حتمی رائے دے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...