نئی دہلی (آن لائن) یورپی یونین نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ خطے میں امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جسے حل نہ کیا گیا تو بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے ، وقت آگیا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ، کشمیریوں کو مذاکرات میں شا مل کرے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات بھارت میں یورپی یونین کی نمائندہ ماریا کاسٹکو فرنانڈیز نے پیس اینڈ جسٹس فورم کی جانب سے پیش کردہ یادداشت کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ یورپی نمائندہ نے کہا کہ یورپی یونین کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتا ہے اور اسے اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے میں ایک دیرینہ اور سنگین تنازعہ بن چکا ہے فوری ، پرامن اور پائیداری حل وقت کی ضرورت ہے انہوں نے پاکستان اور بھارت کو اس تنازعے کے حل کیلئے باہمی بات چیت شروع کرنے اور کشمیریوں کو مذاکرات میں شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں یہ سلسلہ روکنے کے لئے بھارت کو اپنی فورسز کو جوابدہ بنانا ہوگا یورپی یونین مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھتا ہے اور آئندہ اس حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے گا۔