اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے نیب ریفرنسز میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 18 ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے 24 اپریل کو طلب کرلیا۔ 82 ارب روپے سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل میں نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، توقیر صادق اور دیوان ضیاء سمیت دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ مذکورہ عدالت نے رینٹل پاور کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے دور میں 650 غیر قانونی سی این جی لائسنس کے اجراء کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس اقبال حمید الرحمان اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل اور اوگرا کی جانب سے سی این جی لائسنسوں کے غیر قانونی اجراء کے بارے میں الگ الگ دو رپورٹس پیش کی گئیں۔