کراچی (اے پی اے+ نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ڈاکٹر حیدر رضا کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات کو اردو بولنے والے پروفیشنلز اور دانشوروں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ درندہ صفت دہشت گرد فرقہ واریت کے نام پرایک مرتبہ پھر اردو بولنے والے ڈاکٹروں اور دیگر پروفیشنلز کو چُن چُن کر قتل کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں نہ صرف اردو بولنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ پروفیشنلز کو چُن چُن کر قتل کیا جا رہا ہے بلکہ یہاں دن دہاڑے بینکس اور لاکرز بھی لوٹے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں شہریوں کا معاشی قتل عام بھی کیا جا رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ جوعناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔