پاکستان،امریکہ تجارتی حجم پچھلے سال کے مقابلے میں 3 کروڑ 35لاکھ ڈالر کم

Apr 10, 2015

لاہور (احسن صدیق) پاکستان اور امریکہ کے مابین باہمی تجارت کا مجموعی حجم رواں مالی سال 2014-15ء میں جولائی سے فروری 8ماہ کے دوران 3 ارب 30 کروڑ 95لاکھ 90 ہزار ڈالر رہا ہے جو گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں اتنی مدت کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین باہمی تجارت کے مجموعی حجم 3 ارب 34 کروڑ 30لاکھ 95 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 3 کروڑ 35 لاکھ 5 ہزار ڈالر کم ہے۔ وفاقی وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین ہونے والی باہمی تجارت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک فیصد کی کمی ہوئی ہے لیکن تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں رہا ہے مجموعی تجارت کے حجم میں سے پاکستان نے امریکہ کو 2 ارب 57 کروڑ 38 لاکھ 91 ہزار ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں اور اتنی مدت کے دوران امریکہ سے 73 کروڑ 56 لاکھ 99 ہزار ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے تجارتی اعدادوشمار سے اندازہ ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت کا مجموعی حجم 5 ارب ڈالر کے لگ بھگ رہے گا۔

مزیدخبریں