بدوملہی:بچوں کی لڑائی پر قتل ہونیوالے نوجوان کے ورثا کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج

Apr 10, 2015

بدوملہی (نامہ نگار) بچوں کی لڑائی پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین اور اہل علاقہ کا نعش سڑک پر رکھ کر 10گھنٹے تک شدید احتجاج، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق محلہ کوٹ دین محمد بدوملہی میں سنوکر گیم پر بچوں میں لڑائی ہوگئی۔ اگلے روزایک فریق نے گھر جاکر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں 30 سالہ شہباز بٹ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ہمایوں گجر،حمزہ، لیاقت، بشارت اور علی پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کیخلاف گزشتہ روز لواحقین اور اہل علاقہ کاروباری مراکز بند کرکے 10 گھنٹے احتجاج کیا۔ تھانہ بدوملہی نے شہباز بٹ کے والد ارشاد علی کی درخواست پر ملزمان راشد حنیف سمیت چھ افراد ایف آئی آر درج کرلی۔ لواحقین نے ایف آئی آر نے دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کرنے پر دس گھنٹے متوفی کی نعش کو المصطفیٰ چوک میں رکھ کر چوک کو بلاک کئے رکھا۔ اے ڈی سی طارق کریم کھوکھر، ڈی ایس پی صدر عرفان الحق، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر خالد پراچہ، ایس ایچ او تھانہ بدوملہی رانا عارف، ایس ایچ اورعیہ خاص شعیب کامران نے لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے بعد انہیں یقین دہانی کروائی کہ ایف آئی آرمیں دہشت گردی کی دفعات شامل کردی جائیں گی جس کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے متوفی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کردیا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم اصغر علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مزیدخبریں