کفری طاقتوں کا نشانہ و ٹارگٹ دینی مدارس اور مساجد ہیں: سمیع الحق

Apr 10, 2015

پشاور (بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ مغرب طرح طرح کے حربے استعمال کرکے ہماری تہذیب، اسلامی تشخص اوردینی جذبہ کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع صوابی میں موضع شاہ منصور میں مولانا ولی بہادر حقانی کے دورہ تفسیرکی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جمعیت کے صوبائی امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا محمود الحسن توحیدی، مولانا عبدالہادی صاحب حق، مولانا ولی بہادر اور دیگر علماء کرام نے تقاریر کیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اس وقت تمام کفری طاقتوں کا نشانہ اور ٹارگٹ مدارس اور مساجد ہیں، ہماری حکومت بیرونی آقائوں کی خوشنودی کیلئے مدارس کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈوں میں مصروف ہے، مدارس کی رجسٹریشن پر کئی سالوں سے پابندی لگا دی ہے لیکن مدارس کی تعداد میں روز بروز اضافہ جاتا جا رہا ہے۔ موجودہ  بین الاقوامی سیاسی صورتحال میں پاکستان کو اپنے دوست اور اسلامی ممالک میں اعتماد میں لیکر سعودی عرب اور یمن کے درمیان مصالحانہ کردار ادا کرنا چاہئے اور اس آگ کو بجھانے کی کوشش کرنی چاہئے کیونکہ اس آگ کے بھڑکنے سے رہے سہے اسلامی ممالک میں خانہ جنگی کی لپیٹ میں آجائیں گے۔

مزیدخبریں