راولپنڈی (صباح نیوز)مصر کے کمانڈ رانچیف اور وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل صدقی صبحی سید نے وفد کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرحسین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی سفارتی تعلقات قائم ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر یکسانیت پائی جاتی ہے اور ملٹری تربیت اور دفاعی پارٹنر شپ کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے وفود کو باہمی دورے کرنے چاہئیں۔ اس سے دو طرفہ دفاعی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے تربیتی پروگراموں اور ٹیکنیکل وفود کے دو طرفہ تبادے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرحسین سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مصر کے کمانڈ رانچیف جنرل صدقی صبحی سید نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کیلئے مختلف شعبوں کی تلاش کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دفاع اور دفاعی شعبوں میں پاکستان اور مصر کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا مصر پاکستان کی دفاعی پیداوار کے شعبے میں کامیابیوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس شعبے میں مشترکہ منصوبوں کو شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں باہمی تعاون و دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی اور فوجی تعاون کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مصری وزیر دفاع کی ملاقاتیں، فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
Apr 10, 2015