کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ این اے 246 میں بھی دھاندلی ہوئی، الیکشن کے دن پولنگ بوتھ خالی تھے اندر ٹھپے لگ رہے تھے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹرز آئے نہیں خود حیران تھا کہ ایک لاکھ 40 ہزار ووٹ کیسے مل گئے۔ مجھے بتایا گیا کہ آپ گھر جا کر آرام کریں آپ جیت چکے ہیں۔ انیس قائم خانی نے کہا کہ آپ کو ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹ مل جائیں گے۔ کراچی کے دیگر حلقوں کے علاوہ پنجاب میں بھی دھاندلی ہوئی، 50 سے زائد سیٹوں پر دھاندلی ہوئی، جوڈیشل کمشن نے بلایا تو ضرور پیش ہونگا۔ جوڈیشل کمشن اگر تحقیقات کرلے تو دوبارہ الیکشن کرائے جائیں گے۔ مجھے ایک دن بھی انتہائی مہم کیلئے نہیں بلایا گیا، جب غلطی کا احساس ہوا تو میں نے این اے 246 سے استعفیٰ دیدیا ، این اے 246 سے مہاجر امیدوار ہی جیت سکتا ہے۔ اگر 10 سے 20 ہزار کی لیڈ سے کوئی جیتا تو یہ متحدہ کی ہار ہے۔ ایم کیو ایم پہلی دفعہ گھبرائی ہوئی ہے، پولنگ سٹاف ڈر کے مارے کہتا ہے آپکو جو کرنا ہے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو چیلنج کرنے پر عمران کو مبارکباد دیتا ہوں۔