کراچی (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے این اے 246 کراچی کے ضمنی الیکشن میں رینجرز کی تعیناتی کا حکم دیدیا۔ رینجرز انچارج کو سول مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے رینجرز کے ساتھ فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی جو مسترد کردی گئی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف نے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کیلئے رینجرز کی تعیناتی کا خیرمقدم کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کے اہلکاروں کی تعیناتی سے ماحول مزید بہتر ہوگا، رینجرز کی پورے حلقے میں پیٹرولنگ بھی ہونی چاہیے۔ رینجرز کی پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر بھی تعیناتی ہونی چاہیے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کیلئے 4 لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 4 لاکھ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن سے چھپوائے گئے ہیں اور ان بیلٹ پیپرز کا رنگ، وزن اور کاغذ منفرد ہے جس کی کوئی بھی نقل تیار نہیں کر سکتا۔ ضمنی انتخابات میں پہلی بار نئی طرز کی سیاہی استعمال کی جائیگی جو بیلٹ پیپرز پر نہیں پھیلے گی جبکہ نادرا بھی اسکی تصدیق باآسانی کر سکے گا۔علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دستاویزی شواہد طلب کرلئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں دستاویزی شواہد 17 اپریل تک سیکرٹری الیکشن کمشن کو بھجوا دیں۔
شواہد طلب
رینجرز تعیناتی حکم