خیبر ایجنسی : فضائی کارروائی میں مزید 47 دہشت گرد ہلاک‘ سات ٹھکانے تباہ

Apr 10, 2015

پشاور+ لدھا (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں مزید 47 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ انکے 7 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے مہربان کلے اور کندہ غریبی میں فورسز نے فضائی کارروائی کی جس کے دوران 23 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے 7 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ جمرود میںبمباری سے 17 اور طور درہ میں 7 ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان میں لیویز فورس کی گاڑی پر ٹانک وانا روڈ پرریموٹ کنٹرول سے بم سے حملہ میں پولیٹیکل محرر سے 4اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان اور ٹانک پولیس کے مطابق پولیٹیکل لیویز فورس کے اہلکاروں کی گاڑی جنوبی وزیرستان کے علاقہ سروکئی سے ٹانک آرہی تھی کہ ٹانک وانا روڈ پر ڈبرہ پرانے کسٹم دفتر کے قریب روڈ کنارے پر پہلے سے نصب شدہ ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ سے لیویز فورس کے اہلکاروں کی گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ لیویز فورس کے اہلکاروں نے دھماکہ کے بعد فائرنگ شروع کر دی تاہم حملہ اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ادھر ڈیرہ مراد جمالی کے گوٹھ بابل خان میں زیرتعمیر سکول میں بم دھماکے سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔
47دہشت گرد ہلاک

مزیدخبریں